مہنگائی میں معمولی اضافہ، پیاز، ٹماٹر سمیت 12اشیا مہنگی، 12سستی

پیاز کی قیمت 16.53 ، ٹماٹر 10.17، چکن کی 4.12 فیصد بڑھی ، انڈے، دال مسور بھی مہنگی ہوئی 
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ )پاکستان میں گزشتہ ہفتے مہنگائی میں 0.05 فیصد اضافہ ہوا۔ مہنگائی کی سالانہ شرح 1.73 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ وفاقی ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ہفتے 12 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ اور12 کی قیمتوں میں کمی ہوئی جبکہ 27 اشیا کے دام مستحکم رہے۔ راولپنڈی، اسلام آباد اور لاہور میں چینی 173 روپے کلو تک فروخت ہورہی ہے۔ایف بی ایس کے مطابق پیاز 16.53 فیصد، ٹماٹر 10.17، چکن 4.12 فیصد مہنگا ہوا، انڈے، دال مسور، چائے، تازہ دودھ، ڈیزل، سگریٹس، لکڑی کی قیمت بھی بڑھی۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے کیلے، دال مونگ، ماش، آلو، چینی کے دام کم ہوئے، لہسن، چاول، گندم کا آٹا، ایل پی جی اور پٹرول کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی۔