33 ہزار 820 افراد کے خلاف چینی کی قیمتوں میں بے ضابطگی پر کارروائی
ناجائز منافع خوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی، آپریشن جاری رہے گا
لاہور(آن لائن) صوبہ پنجاب میں چینی کے مقررہ سرکاری نرخوں پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیزی سے جاری ہے۔ترجمان پرائس کنٹرول کے مطابق گزشتہ روز چینی کی قیمتوں میں ناجائز منافع خوری پر 296 دکانداروں کے خلاف کارروائیاں کی گئیں، جن میں سے 25 افراد کو موقع پر گرفتار کیا گیا جبکہ 271 دکانداروں کو بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔ یہ کارروائیاں روزانہ کی بنیاد پر جاری ہیں تاکہ عام شہری کو چینی حکومتی مقرر کردہ نرخوں پر دستیاب ہو۔اعداد و شمار کے مطابق اب تک 33 ہزار 820 افراد کے خلاف چینی کی قیمتوں میں بے ضابطگیوں پر کارروائیاں کی جا چکی ہیں، جن میں سے 2 ہزار 533 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔پرائس کنٹرول اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ناجائز منافع خوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور عوام کی شکایات پر فوری ایکشن لیا جا رہا ہے۔ حکام نے دکانداروں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ سرکاری ریٹ پر چینی فروخت کریں، بصورت دیگر قانونی کارروائی سے گریز ممکن نہیں ہوگا۔