عمر ایوب کی عبوری ضمانت عدم پیشی پر منسوخ

عمر ایوب کی عبوری ضمانت عدم پیشی پر منسوخ

لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق قائدِ حزبِ اختلاف عمر ایوب کی جناح ہاؤس، عسکری ٹاور اور دیگر جلاؤ گھیراؤ سے متعلق تین مقدمات میں عبوری ضمانت کی درخواستیں خارج کر دی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق انسدادِ دہشت گردی عدالت لاہور کے جج منظر علی گل نے یہ فیصلہ عمر ایوب کی عدالت میں عدم پیشی کے باعث سنایا۔ عمر ایوب کی جانب سے ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست بھی عدالت نے مسترد کر دی۔یہ مقدمات 9 مئی کے واقعات کے بعد درج کیے گئے تھے، جن میں جناح ہاؤس پر حملہ، عسکری ٹاور اور دیگر مقامات پر جلاؤ گھیراؤ کے الزامات شامل ہیں۔ عمر ایوب نے ان مقدمات میں قبل از گرفتاری عبوری ضمانت حاصل کر رکھی تھی، تاہم مسلسل عدم حاضری کے باعث عدالت نے ان کی درخواستیں خارج کر دیں۔عدالت کے فیصلے کے بعد امکان ہے کہ پولیس اب عمر ایوب کی گرفتاری کے لیے قانونی کارروائی کرے گی۔