ویب ڈیسک: متحدہ عرب امارات کے ایکسپو سٹی دبئی میں پاکستان کے یومِ آزادی کی 78 ویں سالگرہ کی شاندار تقریب کل (10 اگست) کو منعقد ہوگی۔
اس تقریب میں 60 ہزار سے زائد شرکاء کی شرکت متوقع ہے، جو پاکستانی ثقافت اور عوامی نمائندگی کا سب سے بڑا مظاہرہ ہوگا۔تقریب کے مہمان خصوصی متحدہ عرب امارات کے وزیر رواداری شیخ نہیان بن مبارک النہیان اور پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی ہوں گے۔ ایونٹ "Emirates Loves Pakistan" کے عنوان سے پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کے تعاون اور دبئی پولیس کی معاونت سے منعقد کیا جا رہا ہے، اور اس کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔تقریب میں صوفی موسیقی، لوک رقص اور فنون لطیفہ کے مختلف شعبوں کی بھرپور نمائندگی ہوگی، جس کا مقصد پاکستان کے ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنا ہے۔ پاکستانی فنکار ساحر علی بگا، نتاشا بیگ اور یوسف بشیر قریشی خصوصی پرفارمنس پیش کریں گے۔ اس موقع پر پاکستانی کمیونٹی کی نمایاں شخصیات کو ان کی خدمات کے اعتراف میں اعزازات سے بھی نوازا جائے گا۔پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان سفارتی تعلقات کو 50 سال سے زائد کا عرصہ ہو چکا ہے، جبکہ متحدہ عرب امارات کی پاکستان میں سرمایہ کاری 10 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکی ہے، جو دونوں ممالک کے مضبوط معاشی اور ثقافتی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔