کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اعلان کیا ہے کہ اس سال یومِ آزادی بھرپور انداز میں منایا جائے گا اور جشنِ آزادی کا تھیم "معرکہ حق" رکھا گیا ہے، جس کے تحت یکم سے 14 اگست تک ملک بھر میں خصوصی تقریبات ہوں گی۔
کراچی میں سینئر وزراء شرجیل انعام میمن اور ناصر حسین شاہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان نے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے "معرکہ حق" میں تاریخی کامیابی حاصل کی، اسی لیے جشنِ آزادی کو صرف ایک دن تک محدود رکھنے کے بجائے 14 دن تک منایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر ملک بھر میں تقاریب کا انعقاد کریں گی، ہر گھر، دفتر اور عمارت کو قومی پرچم سے سجایا جائے گا اور عوام کو آزادی کی اہمیت کا عملی احساس دلایا جائے گا۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ "وفاقی حکومت اور صوبے یکم تا 14 اگست تقریبات منعقد کریں گے، جو حصہ نہیں لے گا، عوام خود پہچان لیں گے۔
شرپسند عناصر فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں تو پولیس، رینجرز اور پاک فوج مکمل طور پر تیار ہے۔"مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ "ہم نے کبھی دہشت گردی کے خوف سے ہار نہیں مانی، کوئی پروگرام منسوخ نہیں ہوگا۔ میڈیا عوامی شعور اجاگر کرنے میں حکومت کا ساتھ دے اور جو لوگ اپنے گھروں اور عمارتوں کو سجاتے ہیں، ان کی حوصلہ افزائی کی جائے۔"انہوں نے کہا کہ سندھ ہمیشہ قیادت کرتا آیا ہے اور کرتا رہے گا، جبکہ ضرورت پڑنے پر کابینہ میں تبدیلی بھی کی جا سکتی ہے۔