اسلام آباد کے ڈی چوک میں آج یومِ آزادی کے سلسلے میں خصوصی سٹی پریڈ منعقد ہوگی

اسلام آباد کے ڈی چوک میں آج یومِ آزادی کے سلسلے میں خصوصی سٹی پریڈ منعقد ہوگی

اسلام آباد میں 12 سال کے وقفے کے بعد ایک مرتبہ پھر ڈی چوک پر یومِ آزادی کے سلسلے میں خصوصی سٹی پریڈ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

 یہ تقریب اسلام آباد کے اہم ترین مقام، ڈی چوک، پر منعقد کی جائے گی، جس میں شہریوں کو اپنی فیملی کے ہمراہ شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری پیغام میں اس تقریب کا اعلان کیا اور بتایا کہ 12 سال بعد ڈی چوک ایک بار پھر زندگی سے بھر جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یومِ آزادی پاکستان کی مناسبت سے یہ خصوصی سٹی پریڈ آج شام 5 بجے منعقد ہوگی، اور شہریوں سے درخواست کی کہ وہ اس قومی جشن میں بھرپور حصہ لیں۔محسن نقوی نے اپنے پیغام میں عوام سے کہا کہ وہ اس تقریب کا حصہ بنیں اور اپنے پیارے وطن کے جذبے، فخر اور قومی اتحاد کا جشن مل کر منائیں۔

 انہوں نے مزید کہا کہ “See you at D-Chowk at 5 pm today” یعنی آج شام پانچ بجے ڈی چوک پر ملاقات ہوگی۔ انہوں نے اپنے پیغام کا اختتام پاکستان زندہ باد کے نعرے سے کیا۔یاد رہے کہ اسلام آباد کا ڈی چوک، پارلیمنٹ ہاؤس، ایوانِ صدر اور دیگر اہم سرکاری عمارتوں کے قریب واقع ہونے کی وجہ سے پاکستان کی سیاسی اور قومی سرگرمیوں میں ایک مرکزی مقام ہے۔ تقریب کے ذریعے ملک بھر کے عوام اس اہم مقام پر جشنِ آزادی منائیں گے، جس کا مقصد قومی یکجہتی اور وطن سے محبت کے جذبے کو فروغ دینا ہے۔