ویب ڈیسک: پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ون ڈے میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹ سے کامیابی حاصل کر لی۔
ٹرینیڈاڈ میں کھیلے گئے اس میچ میں ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کے لیے 281 رنز کا ہدف دیا۔ میزبان ٹیم کی جانب سے ایون لوئیس، شائی ہوپ اور روسٹن چیس کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت ویسٹ انڈیز نے مقررہ 50 اوورز میں 280 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے چار وکٹیں حاصل کیں، نسیم شاہ نے تین کھلاڑی آؤٹ کیے جبکہ صائم ایوب، سلمان علی آغا اور سفیان مقیم کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز محتاط رہا۔ صائم ایوب 5، عبداللہ شفیق 29، بابر اعظم 47، سلمان آغا 23 اور محمد رضوان 53 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اس موقع پر ڈیبیو کرنے والے نوجوان بیٹر حسن نواز نے جاندار اننگز کھیلتے ہوئے ناقابل شکست 63 رنز بنائے، جبکہ حسین طلعت 41 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔گرین شرٹس نے ہدف 49ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔یاد رہے کہ یہ میچ پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹر حسن نواز کا ون ڈے ڈیبیو تھا، جنہوں نے اپنے پہلے ہی میچ میں شاندار کارکردگی سے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔