وزیرِاعظم شہباز شریف نے ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ مذاکرات کے مقام کا دورہ کیا تاکہ سیکیورٹی انتظامات اور دیگر حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا جا سکے۔
اس موقع پر وزارت داخلہ کے حکام اور دیگر سیکیورٹی اہلکار بھی وزیرِاعظم کے ہمراہ تھے۔ذرائع کے مطابق یہ دورہ مذاکرات کی مکمل تیاری اور محفوظ ماحول یقینی بنانے کے لیے کیا گیا۔ امریکا اور ایران کے وفود اسلام آباد میں جمعے کو مذاکرات کے لیے پہنچنے کا امکان رکھتے ہیں۔ مذاکرات میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی مندوب اسٹیو وٹکوف کی شرکت متوقع ہے۔
یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیرِاعظم شہباز شریف کی جانب سے کی جانے والی دو ہفتے کی جنگ بندی کی درخواست کو قبول کیا ہے، جس کے بعد خطے میں کشیدگی کم کرنے اور سفارتی اقدامات کو مضبوط بنانے کی راہ ہموار ہوئی ہے۔یہ دورہ پاکستان کی سیکیورٹی تیاری، ثالثی کے کردار اور بین الاقوامی سطح پر اعتماد سازی کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔