پاکستان شوبز کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری دوبارہ سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں آ گئیں۔
بشریٰ انصاری اپنی اداکاری، مزاح، تحریر، گلوکاری اور میزبانی کی صلاحیتوں کے لیے جانی جاتی ہیں اور ہمیشہ سے خوش مزاج اور زندہ دل شخصیت کے طور پر پہچانی جاتی رہی ہیں۔ ان کی منفرد لباس کی اسٹائلنگ بھی اکثر خبروں میں رہتی ہے۔حال ہی میں اداکارہ کی شوہر، ہدایت کار اقبال حسین کے ساتھ چند ویڈیوز وائرل ہوئیں، جن میں وہ فوٹو شوٹ کے دوران سیاہ شرٹ اور ٹیولپ شلوار میں نظر آئیں۔ ایک اور ویڈیو میں وہ ایک مقبول گانے پر جھومتی دکھائی دیں۔ان ویڈیوز کے سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے سخت ردعمل دیا۔ کچھ نے اداکارہ کے انداز کو عمر کے مطابق غیر مناسب قرار دیا اور کہا کہ انہیں سنجیدگی اختیار کرنی چاہیے۔ کئی صارفین نے کہا کہ جو لوگ انہیں بچپن سے دیکھ رہے ہیں وہ اب بڑے ہو چکے ہیں، مگر اداکارہ کا انداز نہیں بدلا۔
کچھ لوگوں نے مذہبی نقطۂ نظر سے بھی ان کے طرزِ عمل پر تنقید کی، جبکہ دیگر نے رائے دی کہ نوجوانوں کی نقل کر کے جوانی واپس نہیں لائی جا سکتی۔یہ ویڈیوز تیزی سے سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں اور اس پر صارفین کی مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں، جس سے بحث اور تنازعہ جاری ہے۔