بشریٰ انصاری اور خاندان کا ٹرولنگ پر مزاحیہ ردِعمل سوشل میڈیا پر چھا گیا

بشریٰ انصاری اور خاندان کا ٹرولنگ پر مزاحیہ ردِعمل سوشل میڈیا پر چھا گیا

پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے سوشل میڈیا پر ہونے والی ٹرولنگ اور عمر سے متعلق تنقید کا اپنے مخصوص مزاحیہ انداز میں جواب دیا، جس کی ویڈیو صارفین کی توجہ کا مرکز بن گئی۔

بشریٰ انصاری کے خاندان کے کئی افراد بھی شوبز انڈسٹری سے وابستہ ہیں، جن میں ان کی بہن اسماء عباس، بھانجی زارا نور عباس اور داماد اسد صدیقی شامل ہیں۔ یہ چاروں شخصیات مختلف مواقع پر سوشل میڈیا پر تنقید اور ٹرولنگ کا سامنا کرتی رہی ہیں۔حال ہی میں وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں بشریٰ انصاری اپنی بہن، بھانجی اور داماد کے ساتھ آم کھاتی اور خوشگوار ماحول میں گفتگو کرتی نظر آئیں۔گفتگو کے دوران بشریٰ انصاری اور اسماء عباس نے عمر سے متعلق تنقید (ایج شیمنگ) پر مزاحیہ انداز میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ لوگ کبھی کسی کو موٹا کہتے ہیں، کبھی بڈھا یا بڈھی، اور کبھی یہ کہہ دیتے ہیں کہ "قبر میں پیر لٹکے ہیں"، آخر لوگ ان سے چاہتے کیا ہیں؟ انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ اب تنقید میں بھی کچھ نیا لے آئیں، پرانی باتیں سن سن کر ہم بور ہو گئے ہیں۔

اس موقع پر زارا نور عباس اور اسد صدیقی بھی ہلکے پھلکے انداز میں گفتگو میں شریک رہے، جس سے ویڈیو کا ماحول مزید دلچسپ بن گیا۔ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آئے۔ متعدد صارفین نے بشریٰ انصاری اور ان کے اہلِ خانہ کے بے ساختہ، پُراعتماد اور مزاحیہ انداز کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ بنا کسی جھجھک کے اپنی بات کرتے ہیں۔بعض صارفین نے تبصرہ کیا کہ انہیں یہ خاندان اپنی سادگی اور صاف گوئی کی وجہ سے پسند ہے، جبکہ دیگر نے بھی اداکارہ کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے ٹرولنگ اور ایج شیمنگ کی حوصلہ شکنی کی۔