لاہور میں آج آسمان پر بادل چھائے ہوئے ہیں جس کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔
شہر میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہے اور وقفے وقفے سے بادل آنے جانے کے باعث بارش کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے، جس سے موسم مزید خوشگوار ہونے کی توقع ہے۔شہر کا موجودہ درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26 اور کم سے کم 16 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج بارش کا کوئی واضح امکان نہیں، تاہم ہوا کی رفتار 6 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے اور فضا میں نمی کا تناسب 66 فیصد ہے، جس سے خنکی میں اضافہ محسوس کیا جا رہا ہے۔ حالیہ بارشوں کے باعث فضائی آلودگی میں بھی کمی آئی ہے اور اے کیو آئی بہتر ہو کر 96 تک آ گیا ہے، جس کے بعد لاہور آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں آٹھویں نمبر پر آ گیا ہے۔
دوسری جانب کراچی میں موسم گرم اور مرطوب ہے، جہاں موجودہ درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دن کے اوقات میں تیز دھوپ کے ساتھ درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ شہر میں شمال مشرقی سمت سے ہلکی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 80 فیصد ہے جس کے باعث حبس میں اضافہ محسوس کیا جا رہا ہے۔کراچی میں فضائی آلودگی کی صورتحال تشویشناک ہے۔ اے کیو آئی کے مطابق شہر کا فضائی معیار مضر صحت قرار دیا گیا ہے۔ کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں چھٹے نمبر پر موجود ہے جبکہ ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 133 پرٹیکیولیٹ میٹر ریکارڈ کی گئی ہے، جس پر ماہرین نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔