مردان:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ حکومت نے گزشتہ 13 ماہ میں ایک پیسہ بھی قرض نہیں لیا اور اس دوران 50 ارب روپے کا قرض اتار کر خیبرپختونخوا کو ملک کا امیر ترین صوبہ بنا دیا ہے۔
مردان میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام کو سہولیات گھر کی دہلیز پر فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، اور اسی وژن کے تحت اسپتالوں، اسکولوں اور دفاتر میں سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کے ٹیکس کا پیسہ عوام پر ہی خرچ کیا جا رہا ہے، اور حکومت کا پیسہ عوام کا پیسہ ہے، جسے صحیح طریقے سے خرچ کیا جا رہا ہے۔وزیراعلیٰ نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ خیبرپختونخوا میں صحت کارڈ کی سہولت بحال کی گئی اور اربوں روپے کے بقایاجات ادا کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے وژن کے مطابق اصلاحات کی گئیں، جس کے نتیجے میں صوبہ مالی لحاظ سے مستحکم ہوا ہے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہمیں اپنے پاؤں پر کھڑا ہونا ہے کیونکہ قرضوں پر چلنے والی قومیں خودمختار اور خوددار نہیں ہو سکتیں۔ آئندہ سال کے بجٹ میں عوام کی فلاح کے منصوبے شامل کیے جائیں گے اور ہر حلقے کو دو ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز دیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے حقوق کے حصول کے لیے ہر فورم پر اپنا مقدمہ لڑ رہے ہیں اور صوبے کو خود کفیل بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔