لاہور(خصوصی رپورٹ)پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیراہتمام غزہ لہو لہو مہم ،ہفتہ یکجہتی فلسطین ،کے تحت دوسرے روز بھی مظلوم فلسطینی مسلمانوں پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف ملک گیر احتجاج کیا گیا، راولپنڈی،سیالکوٹ، سرگودھا،گجرات منڈی بہا ئوالدین ،میانوالی، وزیر آباد ، نارووال،حافظ آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ،بہاولپور،ڈی جی خان،راجن پور، رحیم یار خان،ننکانہ، خوشاب،مانسہرہ، ثمر باغ، چترال سمیت کئی شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے،فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کے لئے سخت گرم موسم میں بھی ہزاروں شہری سڑکوں پر آ گئے اور اپنے جذبات کا اظہار کیا، مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو کا کہنا تھا کہ غزہ میں اسرائیلی مظالم پر انسانی حقوق کی نام نہاد تنظیموں?کا دوہرا معیار بے نقاب ہو گیا، غزہ کے شہریوں نے مزاحمت کی تاریخ رقم کر دی۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں شہباز چوک پر احتجاجی مظاہرے سے صدر پاکستان مرکزی مسلم لیگ وسطی پنجاب شیخ فیاض احمد ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل ایک ناجائز، غاصب ریاست ہے جس کا وجود ہی ظلم پر قائم ہے۔ گجرات میں کچری چوک میں یکجہتی غزہ مظاہرے سے مرکزی مسلم گجرات ڈویڑن کے صدر عبدالسعید کندو آنہ و دیگر نے خطاب کیا۔اوکاڑہ میں صدر پاکستان مرکزی مسلم لیگ ضلع اوکاڑہ قاری حفیظ اللہ بلوچ ،انجینئر محمد عمران ،شیخ اظہر،شیخ اعجاز احمد ،رانا محمدشفیق،ملک زاہد علی و دیگر نے احتجاجی مظاہرے کے شرکا سے خطاب کیا، رحیم یارخان میں ریلی نکالی گئی۔