پہلے پل پر ریڑھی بانوں کا قبضہ تھا اب رکشہ مافیا آ گیا
لاہور (خصوصی رپورٹ )تحصیل نشترکے علاقے خالق نگرکا مین پل رکشہ سٹینڈمیں تبدیل ہوگیا،پہلے پل پر ریڑھی بانوں کا قبضہ تھا اب رکشہ مافیا نے بھی قبضہ کررکھا ہے،جس سے عوام کو آنے جانے میں مشکلات کا سامنا ہے، پل کے دونوں اطراف ریڑھی بان ،پھل فروش ہیں جبکہ رکشے والوں نے سٹینڈبنا رکھا ہے جس سے عوام سخت ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں۔اس سے نہ صرف ٹریفک کی روانی میں سنگین مسائل در پیش ہیں، بلکہ عورتوں، بچوں اور ضعیف افراد کا گزرنا بھی محال ہو چکا ہے۔ انتظامی ادارے مافیا کے سامنے بے بس نظر آنے لگے ہیں،خالق نگرپل پر ریڑھی بان، خوانچہ فروش، رکشے والے، اور دکانوں کے آگے سرکار ی جگہ پر تجاوزات کی زیادتی سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ مافیا کو مبینہ طور پر سرکاری وسیاسی افراد کی مکمل پشت پناہی حاصل ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے آپریشن تو کئے جاتے ہیں مگر آپریشن کے کچھ دیر بعد ہی صورت حال پھر وہی ہوجاتی ہے۔