پنجاب میں ہیٹ ویو کا خطرہ،پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری عوام غیر ضروری گھروں سے نہ نکلیں:مریم اورنگزیب

رواں ماہ کے دوران درجہ حرارت میں 4 سے 7 ڈگری تک اضافے کی توقع ہے:ڈی جی پی ڈی ایم اے‘آج سے مختلف اضلاع میں بارش کاامکان
ہیٹ ویو کے دوران ممکن ہو تو گھریلو کھڑکیاں دن کے وقت بند رکھیں ‘ پردے استعمال کریں،پانی کا زیادہ استعمال کیا جائے:سینئر  وزیر پنجاب

لاہور  (سپیشل رپورٹر)  پی ڈی ایم اے پنجاب نے رواں ماہ کے دوران درجہ حرارت میں اضافے اور بارشوں کے حوالے سے الرٹ جاری کیا ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق  آج  سے  11 اپریل تک پنجاب کے مختلف اضلاع میں گرد آلود ہوائیں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، قصور، سیالکوٹ، نارووال، اوکاڑہ، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، خوشاب، سرگودھا اور میانوالی میں آندھی اور بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بتایا  رواں ماہ کے دوران درجہ حرارت میں 4 سے 7 ڈگری تک اضافے کی توقع ہے، جس سے پنجاب کے میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگا‘دریں اثناء  سینئر    وزیر پنجاب  مریم اورنگزیب نے پنجاب بھر میں شدید ہیٹ ویو الرٹ کے باعث عوام سے احتیاطی تدابیر اپنانے کی اپیل کی ہے۔  جاری ایک  بیان میں مریم اورنگزیب نے  عوام سے اپیل  کی کہ غیر ضروری طور پر گھر سے باہر نہ نکلیں، خاص طور پر دن 11 بجے سے شام 4 بجے تک۔ پانی کا زیادہ استعمال کریں اور بزرگوں اور بچوں کا خاص خیال رکھیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور اسپتالوں میں ایمرجنسی انتظامات بھی کیے جا رہے ہیں۔ مزید برآں ہیٹ ویو کے دوران دن 11 بجے سے شام 4 بجے تک سورج کی روشنی سے بچنا ضروری ہے۔ دوران سفر پانی کی بوتل ہمراہ رکھیں ، ہلکے رنگ کے ڈھیلے کپڑے پہنیں اور چھتری یا ٹوپی کا استعمال کریں۔مزدوروں کے حوالے سے بیان میں کہا گیا کہ محنت کش افراد اور مزدور حضرات دن کے اوقات میں سایہ دار جگہوں پر کام کریں۔ تعلیمی ادارے طلبا کو گرمی سے بچا کی ہدایات جاری کریں اور اسمبلی کا وقت محدود کریں۔حکومت کی جانب سے محکمہ صحت کو اسپتالوں میں ہیٹ اسٹروک ڈسک قائم کرنے اور اور طبی عملہ کو الرٹ پر رہنے کی بھی ہدایت کردی گئی ہے