صوبے کے بڑے شہروں اور میدانی علاقوں میں درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کا خدشہ ہے،پی ڈی ایم اے
لاہور(آئی این پی)لاہور سمیت ملک بھر میں سورج نے آگ برسانا شروع کر د ی ۔گرمی سے سڑکوں کی سطح پگھلنے لگی اور شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں۔پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے گرمی کی شدت کے پیش نظر ہیٹ ویو کے خطرے کی وارننگ جاری کر دی ۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 19مئی تک صوبے کے بڑے شہروں اور میدانی علاقوں میں درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کا خدشہ ہے جو ہیٹ ویو کا سبب بن سکتا ہے۔دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آ ئندہ 2روز میں درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے جبکہ 20مئی تک درجہ حرارت معمول سے 4سے 7ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کے امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں، آئندہ دو سے تین روز تک موسم مزید گرم اور خشک رہے گا جبکہ بارش کا کوئی امکان نہیں۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں آج درجہ حرارت 42 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے، راولپنڈی میں درجہ حرارت 41، لاہور میں 45، ڈیرہ اسماعیل خان، بہاولپور، نواب شاہ 46، ملتان، ڈیرہ غازی خان اور سکھرمیں 47 درجہ حرارت ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا۔محکمہ موسمیات نے گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخوا کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بھی چند مقامات پر تیز ہواں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔