لاہور(خصوصی رپورٹ )نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے 22 جون تک ممکنہ موسمی صورتحال اور مختلف علاقوں کے لیے ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا۔ایڈوائزری کے مطابق 18 سے 22 جون تک ملک کے اکثر علاقوں میں گرمی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے، جنوبی پنجاب، سندھ، مشرقی بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق سندھ میں جیکب آباد، دادو، لاڑکانہ، سکھر، خیرپور اور نواب شاہ جبکہ جنوبی پنجاب میں بہاولپور، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان، اور راجن پور کے علاقوں میں گرمی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔مشرقی بلوچستان میں سبی، نصیر آباد، ڈیرہ مراد جمالی اور جعفر آباد جبکہ جنوبی خیبر پختونخوا میں ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان، اور بنوں کے علاقوں میں موسم گرم رہنے اور گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔