وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چین کے خودمختار خطے گوانگشی ژوانگ، ہوبے اور گانسو صوبوں میں حالیہ طوفانوں، بگولوں، لینڈ سلائیڈنگ اور شدید بارشوں کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں پاکستان کے عوام کی جانب سے چینی صدر شی جن پنگ، چین کی حکومت، عوام اور متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اس مشکل گھڑی میں اپنے چینی بہن بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کا شریک ہے۔شہباز شریف نے دعا کی کہ زخمی افراد جلد صحت یاب ہوں اور امدادی و ریسکیو ٹیمیں اپنی کارروائیاں کامیابی سے مکمل کریں تاکہ متاثرہ علاقوں میں معمولاتِ زندگی جلد بحال ہو سکیں۔وزیراعظم نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ چین اس قدرتی آفت سے جلد نکل آئے گا اور متاثرہ علاقوں میں بحالی کا عمل تیزی سے مکمل ہوگا۔