گجر پورہ میں بیوی کا قتل، شوہر ساتھی ملزمان سمیت کراچی سے گرفتار

گجر پورہ میں بیوی کا قتل، شوہر ساتھی ملزمان سمیت کراچی سے گرفتار

لاہور کے علاقے گجر پورہ میں بیوی کو مبینہ طور پر قتل کرنے والے شوہر کو پولیس نے ساتھی ملزمان سمیت کراچی سے گرفتار کرلیا۔

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے قتل کی واردات کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دینے کی ہدایت کی تھی۔ ایس پی انویسٹی گیشن سول لائنز کی سربراہی میں ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیم تشکیل دی گئی۔انچارج انویسٹی گیشن تھانہ گجر پورہ کے مطابق پولیس ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے قتل کے مرکزی ملزم کو اس کے ساتھیوں سمیت کراچی سے گرفتار کرلیا۔ گرفتار افراد میں مرکزی ملزم کے علاوہ اس کی پہلی بیوی، بیٹا اور ہم زلف بھی شامل ہیں۔پولیس کے مطابق مقتولہ بشریٰ بی بی مرکزی ملزم کی تیسری بیوی تھی، جسے مبینہ طور پر گھریلو ناچاقی کے باعث قتل کیا گیا۔

 واردات کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہوگئے تھے، تاہم پولیس نے جدید تفتیشی طریقہ کار کے ذریعے ان کا سراغ لگا کر کراچی سے گرفتار کرلیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور قتل کے محرکات سمیت واقعے کے دیگر پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔دوسری جانب ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید نے کامیاب کارروائی کرنے والی پولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔