راولپنڈی میں اندھے قتل کا ڈراپ سین، اہلیہ اور ساتھی سمیت دو ملزمان گرفتار

راولپنڈی میں اندھے قتل کا ڈراپ سین، اہلیہ اور ساتھی سمیت دو ملزمان گرفتار

راولپنڈی: تھانہ صدر بیرونی پولیس نے مؤثر تفتیش کرتے ہوئے شہری کے اندھے قتل کا معمہ حل کر لیا، جبکہ پولیس نے قتل میں ملوث ہونے کے الزام میں مقتول کی اہلیہ اور اس کے ساتھی کو گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس ترجمان کے مطابق تقریباً 5 ماہ قبل مقتول فیصل کی لاش ایک ویران علاقے سے برآمد ہوئی تھی، جس کے بعد تھانہ صدر بیرونی پولیس نے قانونی کارروائی شروع کی۔ ابتدائی طور پر واقعہ ایک معمہ تھا، تاہم پوسٹ مارٹم اور فرانزک رپورٹس کی روشنی میں تفتیش کا دائرہ وسیع کیا گیا۔پولیس کے مطابق دورانِ تفتیش مقتول کی اہلیہ کو شاملِ تفتیش کیا گیا، جہاں مبینہ طور پر اہم انکشافات سامنے آئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کی اہلیہ نے اپنے ساتھی کے ساتھ مل کر شوہر کو زہر دینے، گلا دبا کر قتل کرنے اور بعد ازاں لاش ویرانے میں پھینکنے کا اعتراف کیا۔

ترجمان پولیس کے مطابق واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی برآمد کر لی گئی ہے، جبکہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کو سامنے لایا جا سکے۔

ایس پی صدر انعم شیر نے کہا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد کی بنیاد پر مقدمہ آگے بڑھایا جائے گا اور انہیں عدالت سے قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کے خلاف سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور جدید تفتیشی طریقہ کار کے ذریعے جرائم کے خاتمے کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔