سانحہ پمز ، ہسپتال میں اصلاحا ت ،کمیٹی وزیر اعظم کو سفارشات پیش کرے گی

خصوصی کمیٹی سرکاری اور نجی شعبے سے تعلق رکھنے والے نامور ماہرین صحت پر مشتمل ہے
اسلام آباد(آئی این پی )حکومت نے اسلام آباد کے  پمز اسپتال میں آتشزدگی کے نتیجے میں 14 نوزائیدہ بچوں کی المناک اموات کے بعد  اسپتال میں اصلاحات کیلئے  20 رکنی خصوصی کمیٹی قائم کر دی  ۔ رپورٹ  کے مطابق تشکیل دی گئی خصوصی کمیٹی سرکاری اور نجی شعبے سے تعلق رکھنے والے نامور ماہرین صحت پر مشتمل ہے، جو جائزے کے بعد پمز کے امور چلانے سے متعلق سفارشات پیش کرے گی۔کمیٹی اپنی سفارشات مرتب کرنے کے بعد رپورٹ وزیراعظم شہباز شریف کو پیش کرے گی، جو اس رپورٹ پر پمز اسپتال کے انتظامی امور کے بارے حتمی فیصلہ کریں گے۔ذرائع  کے مطابق پمز کے امور چلانے کیلئے   بورڈ آف گورنرز مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد پر مشتمل ہوگا۔واضح رہے کہ سانحہ پمز کے بعد ایگزیکٹو ڈائریکٹر سمیت 8 افسران کو معطل کر کے ان کے خلاف فوجداری قانون کے تحت کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔