سانحہ پمز : بچ جانیوالی واحد بچی ہسپتال میں زیرِ علاج ، حالت تشویشناک

 بچی کی طبیعت ایک دن بہتر ،دوسرے دن بگڑ جاتی ہے،خون لگوا رہے ہیں:والد وقاص 
اسلام آباد(آئی این پی )اسلام آباد پمز اسپتال میں 14 بچوں کے جاں بحق ہونے کے واقعے میں بچ جانیوالی واحد بچی ایزل تشویشناک حالت  میں اسپتال میں زیر علاج ہے، والدین نے قوم سے دعا کی اپیل کی ہے۔  بچی کی والدہ آصفہ بی بی نے نجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے کہا  کہ آئی سی یو میں بچی زیر علاج ہے، اسے دھویں نے متاثر کیا ہے۔ بچی پری میچور پیدا ہوئی جس کی وجہ سے کمزور ہے۔  بچی 6 ماہ 10 دن کی 12 اگست کو پیدا ہوئی ، ہماری پہلی اولاد ہے۔والد وقاص نے کہا کہ بچی کی طبیعت ایک دن بہتر ہوتی ہے دوسرے دن بگڑ جاتی ہے۔خون لگوا رہے ہیں لیکن حالت بگڑ رہی ہے۔وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال  کا کہنا تھاکہ وارڈ کے تمام بچوں کو گزشتہ شب دیکھ کر آیا ہوں بچے انتہائی نگہداشت والے تھے ، جو ابھی زیر علاج ہیں۔