جماعت اسلامی کے ساتھ مذاکرات‘حکومت نے3دن کی مہلت مانگ لی

6تجاویز حکومتی ٹیم کے سامنے رکھی ہیں‘مذاکرات کا تیسرا دور رواں ہفتے کے آخر میں ہوگا:لیاقت بلوچ
 سب کو عوام کا مفاد عزیز ہے، حکومت عوام پر کوئی اضافی بوجھ نہیں ڈالنا چاہتی ہے:احسن اقبال
 حکومت پر دباؤ بڑھانے کے لئے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ سے قبل ٹرین مارچ کریں گے:حافظ نعیم
اسلام آباد‘لاہور)آن لائن)پٹرولیم لیوی احتجاج،جماعت اسلامی اور حکومت کے مابین مذاکرات میں جماعت اسلامی کی 6تجاویز حکومت کے حوالے کردی گئی۔مذاکرات کا تیسرا دور رواں ہفتے کے آخر میں ہوگا۔سوموار کووفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کے وفد سے اہم ملاقات کی۔ملاقات میں پٹرولیم لیوی اور پٹرول کی بڑھتی قیمتوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی رانا ثنا اللہ، وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک اور بلال اظہر کیانی سمیت اعلی حکام بھی موجود تھے۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے اس موقع پر کہا کہ لاہور میں طے پایا تھا کہ اسلام آباد میں پٹرولیم لیوی کے معاملے پر تفصیلی بات چیت ہوگی، انہوں نے کہا کہ ہم سب کو عوام کا مفاد عزیز ہے، حکومت عوام پر کوئی اضافی بوجھ نہیں ڈالنا چاہتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوام کو کسی بھی طرح ریلیف مل سکے تو ہمیں خود بہت خوشی ہوگی‘دریں اثناء جماعت اسلامی نے پیٹرولیم مصنوعات پر بھاری ٹیکسز اور مہنگائی کے خلاف حکومت پر دباؤ بڑھانے کے لیے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ سے قبل ٹرین مارچ کا اعلان کردیا۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ عوام کو ریلیف نہ ملا تو احتجاجی دھرنوں کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔