اسلام آباد( آن لائن )پاکستان میں افغانستان کے ساتھ بڑھتی کشیدگی کے دوران غیرقانونی مقیم افغان باشندوں کی وطن واپسی کا عمل تیزی سے جاری ہے، جبکہ سیکیورٹی اداروں نے ملک بھر میں سرچ آپریشنز بھی مزید تیز کر دیے ہیں۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں غیرقانونی مقیم افراد کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ سرحدی علاقے چمن بارڈر کے ذریعے روزانہ کی بنیاد پر افغان باشندوں کو واپس بھیجا جا رہا ہے۔حکام کے مطابق گزشتہ تین روز کے دوران 25 ہزار سے زائد افغان باشندوں کو ملک بدر کیا گیا، جن میں 18 مارچ کو 8,989 افراد 17 مارچ کو 8,500 افراد 16 مارچ کو 7,800 افراد شامل ہیں اعداد و شمار کے مطابق صرف فروری 2026 کے دوران 86 ہزار سے زائد افغان باشندوں کو وطن واپس بھیجا گیا، جبکہ مہم کے آغاز سے اب تک مجموعی طور پر 21 لاکھ 30 ہزار 366 افراد کی واپسی عمل میں لائی جا چکی ہے۔