ویب ڈیسک: پاکستان نے بنگلہ دیش کے طلبہ کیلئے ایک اہم تعلیمی اقدام کا آغاز کردیا ہے جس کے تحت “پاکستان۔بنگلہ دیش نالج کوریڈور” کے نام سے اسکالرشپ اور تربیتی پروگرام شروع کیے گئے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے آئندہ پانچ برسوں میں بنگلہ دیشی طلبہ کو 500 اسکالرشپس دینے کا اعلان کیا ہے۔ ان اسکالرشپس میں سے ایک چوتھائی صرف میڈیکل کے شعبے میں دیے جائیں گے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان طب کے شعبے میں تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔ترجمان نے مزید بتایا کہ پاکستان آئندہ پانچ برسوں کے دوران 100 بنگلہ دیشی سول سرونٹس کو بھی مختلف تربیتی پروگرامز کے ذریعے پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرے گا۔ اس کے ساتھ ہی پاکستان نے پی ٹی اے پی (Pakistan Technical Assistance Programme) کے تحت دی جانے والی اسکالرشپس کی تعداد بھی 5 سے بڑھا کر 25 کر دی ہے۔حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تعلیمی و تکنیکی تعاون کو فروغ دینا اور طلبہ کے تبادلوں کے ذریعے عوامی سطح پر تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔