وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے پاکستان میں تعینات بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر اقبال حسین خان نے لاہور میں ملاقات کی۔
اس اہم ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ، تجارت، صنعت، زراعت اور خواتین کی فلاح و بہبود کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا اور متعدد اہم امور پر اتفاق رائے پایا گیا۔ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش ایک ہی درخت کی دو شاخیں ہیں۔ ہماری جڑیں مشترکہ تاریخ، ثقافت اور روایات میں پیوست ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت بنگلہ دیش کے گارمنٹس سیکٹر، مائیکروفنانس ماڈلز اور خواتین کی ورک فورس میں کامیابیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر بنگلہ دیش کے ”ویمن فرسٹ“ ایجنڈے کے تحت خواتین کی قیادت میں صنعتی کلسٹرز اور ڈیجیٹل اپ سکلنگ پروگرامز میں اشتراک کے امکان کا خیر مقدم کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین کو معاشی میدان میں بااختیار بنانے کیلئے ہم بنگلہ دیش کے تجربات سے سیکھنا چاہتے ہیں۔
ملاقات کے دوران یہ بھی بتایا گیا کہ پنجاب نے حال ہی میں بنگلہ دیش کو 50 ہزار ٹن اعلیٰ معیار کا چاول برآمد کیا ہے، جو دو طرفہ تجارت کے فروغ کی عملی مثال ہے۔ دونوں فریقین نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ آئندہ زراعت، فوڈ پروسیسنگ، ٹیکسٹائل، اور تعلیم جیسے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔آخر میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے اقبال حسین خان کو پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر بھی آگاہ کیا اور دونوں ممالک کے درمیان مستقل تعاون اور وفود کے تبادلے کی خواہش کا اظہار کیا۔ہائی کمشنر اقبال حسین خان نے پنجاب حکومت کی اقتصادی پالیسیوں اور خواتین کی فلاح کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا اور باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی یقین دہانی کرائی۔