مزاحمت پر فائرنگ ، شہری زخمی، ڈاکوہلاک

 گولیاں لگنے سے اختر زخمی ،ملزم وقار مارا گیا،وارداتوں میں ملوث نکلا ، دو ساتھی فرار 
 قصور، پتوکی(سپورٹس ڈیسک)پھولنگرمیں ڈکیتی کی واردات کے دوران ڈاکو ئوں کی فائرنگ سے شہری زخمی ، ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق گزشتہ رات تین ڈاکو ئوں نے تھانہ صدر پھولنگر کے علاقہ سرائے چھینبہ کے قریب شہری اختر حسین اور اسکے ساتھی سے موٹرسائیکل اور نقدی لوٹ لی، مزاحمت پر ڈاکو ئوں نے فائرنگ کردی جس سے شہری اخترحسین زخمی ہوگیا جبکہ ڈاکوئوں کی چلائی ایک لگنے سیایک ڈاکو ابتدائی طور پر شدید زخمی ہوا۔ اطلاع پر پولیس فوری موقع پر پہنچی اور چھینی گئی موٹرسائیکل بر آمد کرلی۔ مرنے والے ڈاکو کے دو ساتھی موقع سے فرار ہوگئے۔ زخمی ڈاکوکو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑگیا۔ مرنے والے ڈاکو کی شناخت وقار عرف ڈینجرس سکنہ فاروق آباد کے نام سے ہوئی ،جو درجن سے زائد سنگین وارداتوں میں ملوث اور قصور،شیخوپورہ میں ریکارڈ یافتہ نکلا۔تھانہ صدر پھولنگر پولیس نے فرار ڈاکو ئوں کی گرفتاری کیلئے سپیشل ٹیمیں تشکیل دیدی ہیں۔