فائرنگ کے تبادلے میں ڈاکو ساتھی کی فائرنگ سے زخمی :پولیس کہانی
لاہور (کرائم رپورٹر)مناواں کے علاقے میں پولیس مقابلے کے دوران ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ پولیس کے مطابق سیالکوٹ موٹروے پیر دربار ناکہ پر دو موٹرسائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا گیا، تاہم ڈاکوئوں نے پولیس کو دیکھتے ہی سیدھی فائرنگ کر دی اور فرار کی کوشش کی۔پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے ڈاکوئوں کا تعاقب کیا۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا جسے گرفتار کر لیا گیا۔ایس پی کینٹ قاضی علی رضا کے مطابق گرفتار زخمی ڈاکو کی شناخت اویس کے نام سے ہوئی جو چوری اور منشیات فروشی کے 10 مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہے۔ زخمی ڈاکو کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ دوسرا ڈاکو فائرنگ کرتا ہوا موقع سے فرار ہو گیا۔