فائرنگ کے تبادلے میں ملزم زخمی، پاک عرب میں واردات کا بھی انکشاف
لاہور(کرائم رپورٹر) کوٹ لکھپت تہت پھاٹک کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہوگیا۔ پولیس نے زخمی ملزم کو گرفتار کرکے طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا، جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی کے مطابق پولیس محافظوں نے دو موٹر سائیکل سوار مشتبہ افراد کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر سیدھی فائرنگ شروع کردی۔ پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم اپنے ہی ساتھی کی گولی لگنے سے زخمی ہوگیا، جسے حراست میں لے لیا گیا۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ ملزمان نے چند روز قبل پاک عرب کے علاقے میں اسلحہ کے زور پر ایک خاتون سے واردات کی تھی۔ واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی پولیس کو حاصل ہے، جس میں ملزمان کو مبینہ طور پر واردات کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ واقعے کے دیگر پہلوؤں پر بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ ایس پی اسد علی نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔