ویب ڈیسک: سیلابی صورتحال کے باعث لاہور سے کراچی اور راولپنڈی جانے اور آنے والی ٹرینوں کا شیڈول تبدیل کر دیا گیا۔
ریلوے حکام کے مطابق لاہور سے کراچی جانے والی قراقرم ایکسپریس اور شاہ حسین ایکسپریس کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔قراقرم ایکسپریس کے مسافروں کو آج پاک بزنس ایکسپریس اور کراچی ایکسپریس میں ایڈجسٹ کیا جائے گا۔ پاک بزنس ایکسپریس اپنے مقررہ وقت سہ پہر 4:30 بجے لاہور سے روانہ ہوگی، جبکہ کراچی ایکسپریس شام 6 بجے روانہ ہوگی۔ اسی طرح شاہ حسین ایکسپریس کے مسافروں کو گرین لائن ایکسپریس میں ایڈجسٹ کیا گیا ہے جو رات 8:50 بجے لاہور سے روانہ ہوگی، مسافروں کو ٹرین کی روانگی سے ایک گھنٹہ قبل اسٹیشن پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ادھر کراچی جانے والی دیگر ٹرینوں میں بھی تبدیلی کی گئی ہے۔ پاکستان ایکسپریس، ملت ایکسپریس اور رحمان بابا ایکسپریس براستہ لاہور-ساہیوال کراچی جائیں گی۔کراچی سے آنے والی ٹرینوں کے روٹس بھی متاثر ہوئے ہیں۔ پاکستان ایکسپریس ساہیوال کے راستے لاہور آ کر راولپنڈی جائے گی، ملت ایکسپریس ساہیوال کے راستے لاہور سے لالہ موسیٰ تک پہنچے گی، جبکہ رحمان بابا ایکسپریس لاہور-ساہیوال کے راستے پشاور تک جائے گی۔ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر مسافروں کو متبادل انتظامات کے ذریعے سفری سہولت فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔