فیصل آباد سے ملک کے دیگر شہروں کو جانے والی ٹرینوں کا روٹ سیلابی صورتحال کے باعث پانچ روز بعد بھی بحال نہ ہوسکا۔
ریلوے حکام کے مطابق ٹریک کی بحالی میں مزید کئی دن لگ سکتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق فیصل آباد سے چلنے والی ملت ایکسپریس، قراقرم ایکسپریس، پاکستان ایکسپریس اور رحمان بابا ایکسپریس کی آمدورفت بدستور معطل ہے، جبکہ صرف غوری ایکسپریس محدود پیمانے پر بحال کی گئی ہے۔ریلوے ٹریک پر اب بھی سیلابی پانی موجود ہے جس کے باعث فیصل آباد سے آنے اور جانے والی ٹرینوں کی ایڈوانس بکنگ بھی روک دی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ سیلابی رکاوٹیں دور کرنے اور ٹریک کی مرمت کے بعد ہی ٹرین سروس بحال کی جاسکے گی۔مزید برآں مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے اور فیصل آباد ریلوے اسٹیشن پر بکنگ آفس میں رش کم ہوگیا ہے کیونکہ بیشتر مسافر متبادل سفری ذرائع اختیار کر رہے ہیں۔