لاہور سے کراچی جانے والی تین اہم ٹرینوں کی آج (جمعرات کو) روانگی معطل کر دی گئی ہے۔
پاکستان ریلوے کے مطابق قراقرم ایکسپریس، کراچی ایکسپریس اور شاہ حسین ایکسپریس آج اپنے مقررہ وقت پر لاہور سے روانہ نہیں ہوں گی۔ریلوے حکام نے اعلان کیا ہے کہ ان تینوں ٹرینوں کے مسافروں کو دیگر ٹرینوں میں ایڈجسٹ کیا جائے گا تاکہ مسافروں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔
تفصیلات کے مطابق:
قراقرم اور کراچی ایکسپریس کے مسافروں کو آج لاہور سے روانہ ہونے والی پاک بزنس ایکسپریس میں ایڈجسٹ کیا جائے گا۔ پاک بزنس ایکسپریس کی روانگی ایک گھنٹہ 30 منٹ تاخیر سے شام 6 بجے ہوگی۔ حکام نے قراقرم اور کراچی ایکسپریس کے مسافروں سے درخواست کی ہے کہ وہ شام 5 بجے تک ریلوے اسٹیشن پہنچ جائیں۔شاہ حسین ایکسپریس کے مسافروں کو گرین لائن ایکسپریس میں ایڈجسٹ کیا جائے گا جو اپنے مقررہ وقت کے مطابق رات 8 بج کر 50 منٹ پر لاہور سے کراچی کے لیے روانہ ہوگی۔ مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گرین لائن کی روانگی سے ایک گھنٹہ قبل ریلوے اسٹیشن پر پہنچ جائیں۔پاکستان ریلوے انتظامیہ نے کہا ہے کہ یہ اقدام مسافروں کی سہولت اور ٹرین آپریشن کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے اٹھایا گیا ہے، ساتھ ہی مسافروں سے تعاون کی اپیل بھی کی گئی ہے۔