عامر خان اور اہل خانہ کا فیصل خان کے سنگین الزامات پر سخت ردعمل سامنے آگیا

عامر خان اور اہل خانہ کا فیصل خان کے سنگین الزامات پر سخت ردعمل سامنے آگیا

بالی ووڈ اسٹار عامر خان کے بھائی فیصل خان نے حال ہی میں سنگین اور متنازعہ الزامات عائد کیے کہ انہیں ایک سال تک گھر میں بند رکھا گیا اور ان پر ذہنی بیماری شیزوفرینیا کا الزام لگایا گیا۔

فیصل خان کے ان دعوؤں کے چند دن بعد عامر خان کے خاندان نے سخت ردعمل دیا ہے۔عامر خان کے خاندان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ فیصل کے الزامات نے انہیں گہرا صدمہ پہنچایا ہے اور یہ پہلی بار نہیں کہ فیصل نے حقائق کو غلط انداز میں پیش کیا۔ خاندان نے واضح کیا کہ فیصل کے علاج اور دیکھ بھال کے تمام فیصلے ماہر ڈاکٹروں کی مشاورت سے کیے گئے تاکہ ان کی ذہنی اور جذباتی صحت بہتر ہو سکے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ فیصل کی والدہ زینت طاہر حسین، بہن اور عامر خان کے خلاف ان کی جانب سے کی جانے والی غلط اور تکلیف دہ تصویر کشی ناقابل قبول ہے۔ خان خاندان نے میڈیا سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے کو بے بنیاد افواہوں میں نہ بدلیں اور سنجیدگی سے اس حوالے سے معلومات کو محدود رکھیں۔

دوسری جانب فیصل خان نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ انہیں جے جے ہسپتال میں 20 دنوں تک رکھا گیا اور ان کے ذہنی حالات کے بارے میں کئی ٹیسٹ کیے گئے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ان کے خاندان نے انہیں معاشرے کے لیے خطرہ قرار دیا اور ان کے خلاف کارروائی کی۔یہ معاملہ عامر خان کے خاندان اور فیصل خان کے بیانات کے بعد مزید پیچیدہ ہوتا جا رہا ہے اور دونوں جانب سے تنازعہ بڑھ رہا ہے۔