ویب ڈیسک: پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز تاریخی تیزی دیکھنے میں آئی، اور 100 انڈیکس نے نئی بلند ترین سطح عبور کرلی۔
تفصیلات کے مطابق پیر کے روز مارکیٹ کے آغاز سے ہی سرمایہ کاروں کی جانب سے بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا گیا، جس کے نتیجے میں زبردست تیزی دیکھنے کو ملی۔ کاروبار کے دوران انڈیکس ایک ہزار سے زائد پوائنٹس بڑھنے کے بعد پہلی مرتبہ 1 لاکھ 55 ہزار کی سطح عبور کرتے ہوئے 155,551 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔مارکیٹ میں یہ اضافہ سرمایہ کاروں کے بڑھتے اعتماد اور حکومتی معاشی پالیسیوں کے مثبت اثرات کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق روپے کی قدر میں استحکام، زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری، غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ اور آئی ایم ایف پروگرام کے تحت اصلاحاتی اقدامات سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بڑھا رہے ہیں۔
کاروباری ماہرین کا کہنا ہے کہ اسٹاک مارکیٹ میں یہ تاریخی تیزی معیشت کے لیے مثبت اشارہ ہے اور اس سے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مزید حوصلہ ملے گا۔ تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری رہتا ہے، اس لیے سرمایہ کاروں کو محتاط حکمتِ عملی کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے۔