محکمہ موسمیات نے مون سون سسٹم کے تحت شہر قائد اور سندھ کے مختلف اضلاع میں آج اور کل موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کی ہے، جس کے باعث اربن فلڈنگ کے خدشات بھی ظاہر کیے گئے ہیں۔
ترجمان محکمہ موسمیات انجم نذیر ضیغم کے مطابق ڈیپ ڈپریشن کا مرکز اس وقت ضلع تھرپارکر میں موجود ہے، جو آئندہ 18 سے 24 گھنٹوں میں کچھ کمزور ہو کر دوبارہ ڈپریشن میں تبدیل ہوگا۔ یہ سسٹم سندھ کے وسطی علاقوں میں مغرب اور شمال مغرب کی سمت بڑھ رہا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے 10 ستمبر تک کراچی، شہید بے نظیر آباد، ٹنڈو محمد خان، حیدرآباد، ٹنڈو اللہ یار، جامشورو، ٹھٹھہ اور بدین سمیت سندھ کے کئی اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔ اس دوران تیز بارشوں کے نتیجے میں کراچی سمیت شہری اور دیہی علاقوں میں اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ہے۔
مزید بتایا گیا کہ جب یہ سسٹم بلوچستان کی طرف بڑھے گا تو حب ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہو جائے گی، جبکہ دادو کے پہاڑی سلسلوں میں بھی طغیانی کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ترجمان کے مطابق ڈپریشن یا ڈیپ ڈپریشن کی شدت کے باعث کراچی میں 60 سے 70 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جن کے ساتھ موسلادھار بارش بھی ہوگی۔محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور بارش کے دوران کھمبوں، درختوں اور زیر تعمیر عمارتوں کے قریب جانے سے پرہیز کریں۔