لاہور میں پتنگوں کی غیر قانونی تیاری اور خرید و فروخت کے خلاف پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔
ہربنس پورہ پولیس نے ایک گودام پر چھاپہ مار کر 20 ہزار پتنگیں برآمد کرلیں جبکہ کارروائی کے دوران 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت محمد فاروق، عثمان علی اور وسیم اصغر کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس نے گودام کی تلاشی کے دوران بڑی تعداد میں تیار شدہ پتنگیں برآمد کیں۔پولیس کے مطابق ملزمان حکومتی اجازت کے بغیر پتنگیں تیار کرنے اور ان کی آن لائن خرید و فروخت میں ملوث تھے۔ گرفتار ملزمان کے خلاف پنجاب کائٹ فلائنگ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق رواں سال پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر اب تک 5 ہزار 237 مقدمات درج کیے جاچکے ہیں۔ مختلف کارروائیوں کے دوران ملزمان سے مجموعی طور پر 1 لاکھ 87 ہزار پتنگیں اور 7 ہزار 535 چرخی ڈور بھی برآمد کی جاچکی ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ غیر قانونی پتنگ سازی، خرید و فروخت اور پتنگ بازی کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر انداز میں جاری رکھی جائیں گی۔