کاہنہ پولیس اسٹیشن میں سب انسپکٹر نے شہری پر تشدد کیا، ڈی آئی جی آپریشنز کا نوٹس ، ٹائوٹ کے خلاف مقدمہ درج
لاہور(کرائم رپورٹر)کاہنہ پولیس اسٹیشن میں سب انسپکٹر کی جانب سے شہری پر تشدد کا واقعہ پیش آیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے سب انسپکٹر شوکت کو شوکاز جاری کرتے ہوئے معطل کر دیا۔ واقعہ میں ماجد شاہ نامی ٹاؤٹ اور دو نام نہاد صحافی بھی ملوث پائے گئے۔کارخاص و ٹاؤٹ ماجد شاہ کے خلاف فوری ایف آئی آر درج کردی گئی۔فیصل کامران نے کہا کہ کرپشن و اختیارات سے تجاوز کرنے والوں کی محکمہ میں کوئی جگہ نہیں ہے۔سب انسپکٹر کے خلاف طمع نفسانی کی خاطر شہری پر تشدد و اختیارات سے تجاوز کرنے پر مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔محکمانہ انکوائر ی کے بعد سب انسپکٹر کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ گزشتہ دس ماہ میں 297 اہلکاروں کے خلاف محکمانہ احتساب کی کارروائیاں کی گئیں۔چند کالی بھیڑیں 25 ہزار جوانوں پر مشتمل فورس کی ترجمانی ہرگز نہیں کرسکتیں۔انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس شہداء کی امین، شہریوں کی خاطر جان دینے والی فورس ہے۔ اختیارات سے تجاوز ثابت ہونے پرمتعدد افسران و اہلکاروں کو جیل بھی بھیجا گیاہے۔جانفشانی سے جرائم کم کرنے والی لاہور پولیس کو بدنام کرنے والوں کو نشان عبرت بنائیں گے۔محمد فیصل کامران نے مزید کہا کہ شہری تھانہ کی شکایت کے لیے کھلی کچہری اور اوپن ڈور سہولت استعمال کریں۔پولیس سے کوئی بھی شکایت ہوتو براہِ راست میرے دفتر آئیں، فوری ایکشن ہو گا۔