پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال (ایل آر ایچ) سے مبینہ طور پر اغوا ہونے والے نومولود بچے کو پولیس نے پبی کے علاقے سے بحفاظت بازیاب کرلیا، جبکہ واقعے میں ملوث مبینہ خاتون کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ضلع چارسدہ کے علاقے شبقدر سے تعلق رکھنے والے حشمت خان کا نومولود بچہ گزشتہ روز لیڈی ریڈنگ اسپتال کے گائنی وارڈ سے مبینہ طور پر ایک خاتون اٹھا کر لے گئی تھی۔ بچے کے اچانک غائب ہونے پر اسپتال انتظامیہ میں تشویش کی لہر دوڑ گئی اور واقعے کے بعد اسپتال کے سیکیورٹی انتظامات پر بھی سوالات اٹھنے لگے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ تھانہ خان رازق شہید پولیس نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات شروع کیں اور نومولود کی بازیابی کے لیے مختلف مقامات پر چھاپا مار کارروائیاں کیں۔پولیس نے کارروائی کے دوران مبینہ طور پر اغوا کیے گئے نومولود کو پبی کے علاقے سے بحفاظت برآمد کرلیا۔
ذرائع کے مطابق پولیس نے واقعے میں ملوث مبینہ خاتون کو بھی حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے۔پولیس کی جانب سے تاحال واقعے اور خاتون کی گرفتاری سے متعلق مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔واقعے کے بعد لیڈی ریڈنگ اسپتال کے گائنی وارڈ سمیت داخلی اور خارجی راستوں کی سیکیورٹی پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں کہ سخت حفاظتی انتظامات کے باوجود نومولود کو اسپتال سے باہر کیسے لے جایا گیا۔