لاہور جنرل ہسپتال میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں نرسری وارڈ سے دو روزہ نومولود کو اغوا کر لیا گیا۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرِ عام پر آ گئی ہے جس میں برقعہ پوش دو خواتین کو بچے کو چادر میں چھپا کر تیز قدموں کے ساتھ ہسپتال سے باہر جاتے دیکھا جا سکتا ہے۔ خواتین کی عمریں تقریباً 35 اور 37 سال بتائی جا رہی ہیں جبکہ برقعہ اور نقاب کی وجہ سے ان کا چہرہ نظر نہیں آ رہا۔سی سی پی او لاہور نے بتایا کہ ملزمہ خواتین بچے کو لے کر ہسپتال سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئیں۔ پولیس نے متاثرہ بچے کے والد افضال کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن کے مطابق نومولود کے اغوا میں ملوث خواتین کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے اور ان کی تلاش کے لیے مختلف پہلوؤں پر تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کو جلد گرفتار کر کے بچے کو والدین کے حوالے کر دیا جائے گا۔