محمودآباد کے نجی اسپتال میں دورانِ ڈلیوری نومولود جاں بحق، مبینہ غفلت کی تحقیقات جاری

محمودآباد کے نجی اسپتال میں دورانِ ڈلیوری نومولود جاں بحق، مبینہ غفلت کی تحقیقات جاری

کراچی کے علاقے محمودآباد کے ایک نجی اسپتال میں دورانِ ڈلیوری نومولود بچے کی گردن پر تیز دھار آلے کا زخم آنے کے باعث بچے کی موت واقع ہوگئی۔

پولیس کے مطابق نومولود کی میت قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کردی گئی ہے، جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تاحال اسپتال انتظامیہ کے کسی فرد کو حراست میں نہیں لیا گیا۔متاثرہ خاندان کے مطابق بچے کی والدہ کی ڈلیوری کے دوران اسپتال کے عملے کی مبینہ غفلت سے بچے کی گردن پر تیز دھار آلہ لگ گیا، جس کے باعث خون بہنے لگا۔ اہلخانہ کا دعویٰ ہے کہ اسپتال عملے نے ابتدا میں بچے کو مردہ پیدا ہونے کا بتایا، تاہم بعد میں بچے کی گردن پر زخم اور خون دیکھ کر انہیں واقعے کا علم ہوا۔بچے کے تایا کے مطابق نومولود کے والد امین بس ڈرائیور ہیں اور یہ ان کا چھٹا بچہ تھا۔ اہلخانہ کا کہنا ہے کہ وہ مالی مشکلات کا شکار ہیں اور بچے کا پوسٹ مارٹم یا مزید قانونی کارروائی نہیں کرانا چاہتے۔اہلخانہ نے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے اسپتالوں میں غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے۔متاثرہ خاندان کالا پل کا رہائشی ہے۔ اہلخانہ کے مطابق وہ بچے کو مزید تکلیف نہیں دینا چاہتے اور میت گھر لے جا رہے ہیں۔