اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے 7 اکتوبر 2023 کے حملوں کے 3 سال مکمل ہونے پر غزہ میں مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔
انتونیو گوتریس نے فریقین پر جنگ بندی سے متعلق کیے گئے وعدوں پر عمل درآمد اور جنگ بندی کے اگلے مرحلے کی جانب پیش رفت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 7 اکتوبر کے حملوں کی ہولناکیاں دوبارہ کبھی نہیں دہرائی جانی چاہئیں۔اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ حملوں کے بعد شروع ہونے والی تباہ کن جنگ نے غزہ کے فلسطینیوں کو ناقابلِ بیان تکالیف سے دوچار کیا، جبکہ فلسطینی اب بھی ناقابلِ برداشت حالات میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال ہونے والی جنگ بندی سے کچھ حد تک ریلیف ضرور ملا، تاہم غزہ میں مکمل سلامتی، مناسب انسانی امداد اور پائیدار امن کی جانب راستہ ہموار نہیں ہوسکا۔
انتونیو گوتریس نے زور دیا کہ اب وقت آگیا ہے کہ جنگ بندی کو مستقل کیا جائے، بڑے پیمانے پر انسانی امداد کی فراہمی کی اجازت دی جائے اور بین الاقوامی قانون کا احترام یقینی بنایا جائے۔انہوں نے پورے خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے ایک سیاسی راستہ تشکیل دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔