پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ، ایک ارب ڈالر کی قسط کی راہ ہموار

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ، ایک ارب ڈالر کی قسط کی راہ ہموار

پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے بعد پاکستان کیلئے ایک ارب ڈالر کی قسط کے اجرا کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔

آئی ایم ایف کے مطابق اسٹاف لیول معاہدے کو حتمی منظوری کیلئے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ بورڈ کی منظوری کے بعد پاکستان کو توسیعی فنڈ فسیلیٹی (ای ایف ایف) پروگرام کے تحت ایک ارب ڈالر جاری کیے جائیں گے۔اس کے علاوہ کلائیمیٹ فنانسنگ پروگرام کے تحت پاکستان کو مزید 20 کروڑ ڈالر فراہم کیے جائیں گے۔آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ مشکل بیرونی حالات کے باوجود پاکستان کی معاشی کارکردگی میں بہتری آئی ہے، جبکہ حکومت نے تیل کے بحران سے نمٹنے کیلئے بھی مؤثر اقدامات کیے ہیں۔فنڈ کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں پاکستان کی جی ڈی پی کی شرح نمو 4 فیصد رہی، جبکہ گزشتہ مالی سال یہ شرح 3.6 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔ آئی ایم ایف نے کہا کہ پاکستان میں مہنگائی کی شرح کم ہوکر اسٹیٹ بینک کے مقررہ ہدف کی جانب بڑھ رہی ہے۔پاکستان نے تعلیم اور صحت کے شعبوں کیلئے بجٹ میں مزید اضافہ کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔ آئی ایم ایف کے مطابق پاکستان کا پرائمری سرپلس جی ڈی پی کے 2 فیصد تک رہنے کی توقع ہے۔آئی ایم ایف کے ساتھ آرٹیکل فور کے تحت مذاکرات بھی کامیابی سے مکمل ہوگئے ہیں۔ مذاکرات کے اختتام پر آئی ایم ایف مشن چیف کی قیادت میں وفد نے وزیر خزانہ سے ملاقات کی، جس میں توسیعی فنڈ فسیلیٹی پروگرام سمیت ملکی معاشی صورتحال اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔