ریاض اور جنوبی شہر خمیس مشیط کی طرف داغے گئے بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں تباہ کر دیا گیا
انٹیلی جنس سسٹم کے ذریعے میزائل لانچ کرنے والے پلیٹ فارم جلد تباہ کر دینگے:سعودی اتحاد
ریاض،صنعا(آئی این پی )سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے کہا ہے اس نے حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض اور جنوبی شہر خمیس مشیط کی طرف داغے گئے بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں تباہ کر دیا۔حوثیوں نے ریاض اور ابہا ایئرپورٹس کے ساتھ ساتھ خمیس مشیط ایئر بیس کو بھی ڈرونز اور میزائلوں سے نشانہ بنانے کا دعوی کیا تھا۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق یمن میں لڑائی میں شدت کے دوران حوثیوں نے بدھ کی صبح عدن انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو بیلسٹک میزائلوں اور دھماکا خیز مواد سے لدے ڈرونز سے نشانہ بنایا۔سعودی قیادت میں قائم اتحاد کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ترکی المالکی نے ریاض پر داغے گئے بیلسٹک میزائل کو فضا میں روک کر تباہ کرنے کا بتاتے ہوئے کہا کہ اتحاد اپنے انٹیلی جنس نظام کے ذریعے صنعا کی فضا میں میزائل لانچ کرنے والے پلیٹ فارم کی نگرانی کر رہا ہے اور اسے تباہ کر دیا جائے گا۔