فضل الرحمان کی عدم اعتماد کاحصہ نہ بننے کی یقین دہانی
وفاق یا صوبائی حکومت میں آنے میں بھی ہماری کوئی دلچسپی نہیں ہے، کے پی حکومت بری طرح ناکام ہو چکی،صوبے میں کرپشن،امن وامان کی غیر تسلی بخش صورتحال، پی ٹی آئی قیادت خود طے کرے کیا ان حالات میں خیبر پختونخوا حکومت چلنی چاہیے؟، سربراہ جے یو آئی (ف)
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)جمعیت علمائے اسلام (ف)کے سربراہ مولانافضل الرحمان نے پی ٹی آئی کو خیبرپختونخوا حکومت کیخلاف عدم اعتماد کاحصہ نہ بننے کی یقین دہانی کروادی، مولانا فضل الرحمان نے تحریک انصاف کو کہاہے کہ ان کی جماعت خیبر پختونخوا حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا حصہ نہیں بنے گی،پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی تھی۔مولانا فضل الرحمان نے پی ٹی آئی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے خیبر پختونخوا حکومت کے معاملات میں عدم دلچسپی کا اظہار کیا۔ان کا کہنا تھاکہ ہمیں صوبائی حکومت گرانے یا بچانے میں کوئی دلچسپی نہیں۔ وفاق یا صوبائی حکومت میں آنے میں بھی ہماری کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ذرائع کے مطابق مولانا مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت بری طرح ناکام ہو چکی۔صوبے میں کرپشن،امن وامان کی غیر تسلی بخش صورتحال اور بد انتظامی ہے۔ پی ٹی آئی قیادت خود طے کرے کہ کیا ان حالات میں خیبر پختونخوا حکومت چلنی چاہیے؟۔پی ٹی آئی وفد سے گفتگو کے دوران مولانافضل الرحمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان کی جماعت خیبرپختونخوا میں صوبائی حکومت کو گرانے کی اپوزیشن کی کسی کوشش کاحصہ نہیں بنیں گے۔واضح رہے کہ اس سے قبل پی ٹی آئی نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے دوران ان سے خیبرپختونخواہ حکومت نہ گرانے کی درخواست کی تھی۔