پولیس میں کرپشن کسی صورت قبول نہیں:بلال صدیق

لاہور(کرائم رپورٹر) محکمہ پولیس میں کرپشن کسی صورت قبول نہیں، کرپشن کی شکایت پر سخت ایکشن لیا جائے گایہ بات سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے گزشتہ روز کیپٹل سٹی پولیس ہیڈ کوارٹرز میں اقبال ٹاؤن اور صدر ڈویڑنز کی ماہانہ کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں دونوں ڈویڑنز کی مجموعی کارکردگی اور پیشہ ورانہ امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ سی سی پی او لاہورنے ساؤتھ افریقہ پاکستان کرکٹ سیریزکے دوران بہترین سکیورٹی انتظامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سپروائزری افسران اپنی ذمہ داریاں دلجمعی سے اداکریں اور ماتحت عملے کی کارکردگی پر کڑی نظر رکھیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس اپنے بہترین طرز عمل سے شہریوں کوتحفظ کا احساس دلائے۔سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہوائی فائرنگ کے قبیح رجحان پر سختی سے قابو پایا جائے۔انہوں نے منظم جواء  کروانے والے با اثر مافیاکے خلاف بھر پور کریک ڈاؤن کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مقدمات کی بروقت تفتیش کر کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ رہائشی سوسائٹیز میں سکیورٹی ایس او پیز پرمکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔انہوں نے گیسٹ ہاؤسز سمیت سوشل کرائمز میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کاررروائی کے احکامات بھی جاری کئے۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ فنانشل کرائم کے مقدمات کو مقررہ ٹائم فریم میں نمٹایا جائے اور فنانشل کرائم میں ملوث اشتہاریوں کوٹریس کر کے گرفتار کیا جائے۔انہوں نے پرائیویٹ گن مینوں کو حکومتی ایس او پیز کاپابند بنائے جانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہاکہ پولیس دفاتر آنے والے سائلین کی عزت ِ نفس کاخیال رکھا جائے۔