پاکستان غزہ میں پائیدار جنگ بندی کیلئے برادر ملکوں کے ساتھ رابطے میں ہے: نائب وزیراعظم کااو آئی سی ایگزیکٹیو کمیٹی کے خصوصی وزارتی اجلاس سے خطاب
وزیر خارجہ سے قطری ہم منصب کا رابطہ، سعودی وزیرِ خارجہ کا بھی اسحاق ڈار سے رابطہ‘ خطے کی صورتحال اور کشیدگی کم کرنے کے طریقوں پر بات کی گئی
جدہ(آئی این پی ) نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے غزہ میں نسل کشی اور اسرائیل کے توسیع پسندانہ اقدامات کسی صورت قابلِ قبول نہیں، پاکستان غزہ میں پائیدار جنگ بندی کیلئے برادر ملکوں کے ساتھ رابطے میں ہے۔جمعہ کے روز جدہ میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی )کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے خصوصی وزارتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ اسرائیلی اقدامات امت مسلمہ کے لیے شدید تشویش کا باعث ہیں۔ فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کی طرف سے غیرقانونی آبادکاری قابلِ قبول نہیں۔انہوں نے کہا کہ عرب اسلامی ممالک نے غزہ جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ غزہ میں ہونے والی نسل کشی ناقابلِ برداشت ہے۔ اسرائیل کی جارحیت کو قبول نہیں کیا جائے گا‘۔دوسری جانب نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے قطری وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد بن عبدالعزیز الخلیفی نے رابطہ کیا جس میں علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دریں اثنا سعودی وزارتِ خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سعودی عرب کے وزیرِ خارجہ نے اپنے پاکستانی ہم منصب سے ٹیلی فون پر گفتگو کی ہے۔سعودی وزیرِ خارجہ فیصل بن فرحان آل سعود نے پاکستانی وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار سے خطے کی صورتحال اور کشیدگی کم کرنے کے طریقوں پر بات کی۔سعودی وزارتِ خارجہ نے ایک بیان میں کہا جو چند گھنٹے پہلے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر جاری کیا گیا۔