ڈپٹی کمشنر کاگجومتہ ، فیروز پورروڈ کادورہ ، ڈینگی ٹیموں کی کارکردگی کاجائزہ
لاہور(خصوصی رپورٹ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے پولیو فری اور صحت مند پنجاب ویڑن پر عملدر آمد کے ساتھ ساتھ انسدادِ ڈینگی مہم میں بھی ضلعی انتظامیہ لاہور پوری طرح متحرک ہے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے تحصیل نشتر میں ڈینگی ورکرز کی فیلڈ سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے لیے دورہ کیا۔دورے کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، چیف آفیسر ایم سی ایل، سی ای او ہیلتھ اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے گجومتہ اور فیروزپور روڈ کے اطراف علاقوں میں ڈینگی ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔انہوں نے ہدایت کی کہ جہاں کہیں بھی ڈینگی لاروا ملے،فوری تلفی کی جائے اور اطراف کے کم از کم دس گھروں میں سپرے یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں کے بعد ٹیموں کی سرویلنس مزید م ئوثر بنائی جائے اور ایس او پیز پر سختی سے عملدر آمد یقینی بنایا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ لاروا چھپانے یا سرویلنس میں کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے سرکاری عمارتوں، تعلیمی اداروں اور حساس مقامات کی خصوصی نگرانی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی صحت کا تحفظ ہماری اولین ذمہ داری ہے۔