لاہور: امیر بالاج قتل کیس، ملزم گوگی بٹ کی عبوری ضمانت میں 13 اکتوبر تک توسیع

لاہور: امیر بالاج قتل کیس، ملزم گوگی بٹ کی عبوری ضمانت میں 13 اکتوبر تک توسیع

لاہور: سیشن کورٹ لاہور نے امیر بالاج قتل کیس میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے ملزم خواجہ عقیل عرف گوگی بٹ کی عبوری ضمانت میں 13 اکتوبر تک توسیع کر دی۔

 سماعت کی کارروائی
کیس کی سماعت سیشن کورٹ کے جج سید نجف کاظمی نے کی۔دورانِ سماعت ملزم کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ:“ہماری طرف سے فراہم کردہ تمام ریکارڈ پولیس وصول نہیں کر رہی اور اسے تفتیشی ریکارڈ کا حصہ بھی نہیں بنایا جا رہا۔”اس پر تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کی طرف سے دیا گیا تمام ریکارڈ ضمنی رپورٹ کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملزم گوگی بٹ 4 سے 5 مرتبہ تفتیش میں شامل ہو چکے ہیں اور تمام تفصیلات ریکارڈ کا حصہ ہیں۔

 وکلاء کے دلائل اور عدالت کے ریمارکس
دورانِ سماعت وکیلِ صفائی نے بتایا کہ سینئر کونسل موجود نہیں ہیں، لہٰذا کیس کو کل تک ملتوی کیا جائے تاکہ وہ دلائل کی مکمل تیاری کے ساتھ پیش ہو سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث ملزم کے بار بار عدالت میں پیش ہونے میں مشکلات پیش آتی ہیں۔عدالت نے اس مؤقف پر ریمارکس دیے کہ:“ہم کل کی تاریخ نہیں دے سکتے، عدالت کو انتظامی معاملات بھی دیکھنے ہوتے ہیں۔ اگر کل دونوں فریق پیش نہیں ہو سکتے تو پیر کو لازمی پیش ہوں اور دلائل دیں، مزید تاخیر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔”
 عدالتی فیصلہ
سماعت مکمل ہونے پر جج سید نجف کاظمی نے خواجہ عقیل عرف گوگی بٹ کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے کیس کی سماعت 13 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔واضح رہے کہ امیر بالاج قتل کیس لاہور کے ہائی پروفائل مقدمات میں شمار ہوتا ہے، جس میں گوگی بٹ پر قتل کی منصوبہ بندی اور اعانت کا الزام عائد ہے۔ کیس کی مزید کارروائی آئندہ سماعت پر متوقع ہے۔