راولپنڈی میں ڈینگی وائرس کا حملہ موسمی تبدیلیوں کے باوجود جاری ہے، جہاں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 30 نئے مریض رپورٹ ہوئے، جس کے بعد شہر میں ڈینگی کے کل کیسز کی تعداد 865 تک پہنچ گئی۔
محکمہ صحت کے مطابق اس وقت 75 مریض مختلف اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں، جن کی حالت تسلی بخش بتائی جا رہی ہے۔ڈینگی کے خاتمے کے لیے محکمہ صحت کی 1,361 ٹیمیں فعال ہیں جو گھروں، گلیوں اور عوامی مقامات پر صفائی، آگاہی اور چیکنگ مہم جاری رکھے ہوئے ہیں۔اب تک 55 لاکھ 90 ہزار 264 گھروں کی چیکنگ کی جا چکی ہے، جن میں سے 1 لاکھ 75 ہزار 412 گھروں سے ڈینگی لاروا برآمد ہوئے۔ اسی طرح 15 لاکھ 30 ہزار 631 مقامات کی جانچ کے دوران 23 ہزار 536 مقامات پر لاروا دریافت ہوا۔احتیاطی تدابیر کی خلاف ورزی پر 4,450 مقدمات درج، 1,850 مقامات سیل، اور 1 کروڑ 87 لاکھ 4 ہزار 507 روپے جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔
محکمہ صحت کے مطابق یہ اقدامات ڈینگی مچھر کے پھیلاؤ کو روکنے اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔شہری انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ گھروں کے اندر اور اطراف صفائی برقرار رکھیں، پانی جمع نہ ہونے دیں، اور محکمہ صحت کی ہدایات پر مکمل عمل کریں۔شہر کے مختلف علاقوں میں اسپرے مہم اور لاروا تلفی کارروائیاں بھی تیزی سے جاری ہیں۔