اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 10 نئے کیسز درج کیے گئے ہیں۔
ان میں سے 7 کیسز دیہی علاقے سے اور 3 شہری علاقوں سے رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس وقت مختلف اسپتالوں میں زیر علاج مریضوں کی تعداد 44 تک پہنچ چکی ہے۔تفصیلات کے مطابق، ترلائی سے 3، جی-7 اور ترامڑی سے 2، ای-11، سوہان اور روات سے 1،1 کیس سامنے آئے ہیں۔ ڈینگی سرویلنس ٹیموں نے متاثرہ علاقوں کے دورے کیے اور ہاٹ اسپاٹس کی نشاندہی کی ہے۔مجموعی طور پر، اسلام آباد بھر میں 45,306 انسدادِ ڈینگی سرگرمیاں مکمل کی گئی ہیں، جن میں 2 مثبت تجارتی ہاٹ اسپاٹس اور 335 گھروں سے لاروا برآمد ہوا ہے۔ 1,062 مقامات پر فوگنگ کی گئی ہے اور ہائی رسک علاقوں میں کارروائیاں تیز کی گئی ہیں۔علاوہ ازیں، 22 کنفرم مریضوں کے گھروں اور 1,073 اطراف کے گھروں میں اسپرے کیا گیا ہے۔ یہ اقدامات ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس، ڈی ایچ ایس اور ضلعی انتظامیہ کے مشترکہ تعاون سے جاری ہیں تاکہ وائرس کے پھیلاؤ کو روک سکیں۔